اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر پرامن طور حل کیا جائے ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر پرامن طور حل کیا جائے ،سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹے کے لئے ناروے کی امداد کو سراہتے ہیں ، منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پراپنی نارویجن ہم منصب اینیکن ہیوئٹ فیلڈ سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے) کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی جلد از جلد تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان میں ناروے کی ممتاز کمپنیوں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ حکومت کی پرکشش سرمایہ کاری پالیسی سے مزید کمپنیاں مستفید ہوں گی۔وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کے لئے قانونی آمدورفت کے مواقع بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کے مثبت تعاون کو سراہا۔ افغانستان کے بارے میں بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا اور افغان عوام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کے لئے افغان عبوری حکام کے ساتھ عالمی برادری کی مسلسل شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ ناروے نے افغانستان سے انخلاء کے عمل میں پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کرنے کو سراہا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ناروے کے وزیر خارجہ کو پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا اور ناروے کی طرف سے دی جانے والی امداد کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے قریبی رابطہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر پرامن طور حل کیا جائے ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو